ڈھاکا میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں بنگلادیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

شیربنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم نے یہ ہدف انتہائی آسانی سے 15.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 67 رنز بنائے، جبکہ نجم الحسین شنتو نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل بنگلادیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد میں درست ثابت ہوا۔ پاکستانی اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم فرحان 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شمائل حسین صرف 4 رنز بنا سکے جبکہ ڈیبیو کرنے والے معاذ صداقت 18 رنز تک محدود رہے۔

بنگلادیشی بولرز کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 30.1 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یہ بنگلادیش کے خلاف ون ڈے میچز میں پاکستان کا اب تک کا سب سے کم اسکور بھی ہے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ محمد رضوان 10، سلمان آغا 5، حسین طلعت 4، عبدالصمد 0، شاہین آفریدی 4 اور محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ ابرار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھائی اور 24 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان مہدی حسن میراز نے بھی 29 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ سے قبل پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ٹاس جیتنے کا موقع ملتا تو وہ بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے اور ان کے خیال میں اس وکٹ پر 270 سے 280 رنز ایک مناسب اسکور ہوتا۔

اس میچ میں پاکستان کی جانب سے چار کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو کیا، جن میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبدالصمد اور شمائل حسین شامل تھے۔

Exit mobile version